سکلیشپور، 30 / جولائی (ایس او نیوز) شیرڈی گھاٹ سیکشن میں سکلیشپور کے قریب ڈوڈاتھوپلے کے مقام پر بڑے پیمانے پر پہاڑی چٹان کھسکنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی وجہ سے منگلورو - بینگلورو نیشنل ہائی وے 75 پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک بڑی چٹان کھسکنے کے بعد اس کا ملبہ ایک کار، ایک لاری اور ایک گیس ٹینکر پر آ گرا ۔ حادثے کے مقام پر ہائی وے کی دونوں جانب کئی کلو میٹر تک موٹر گاڑیوں کی قطار لگ گئی ہے اور سڑک پوری طرح جام ہو گئی ہے جس کے بعد شیرڈی گھاٹ پر گاڑیوں کی آمد و رفت پر روک لگا دی گئی ۔
حادثہ کی اطلاع ملنے پر متعلقہ محکمہ جات کے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے اور ہائی وے پر سے ملبہ ہٹانے کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔ اندیشہ ہے کہ مزید کئی گھنٹے اس راستے پر ٹریفک بند رہے گی ۔
خیال رہے کہ آج اس سے پہلے پتور - سمپاجے روڈ پر بھی زمین کھسکنے کی وجہ اس راستے سے ٹریفک پر روک لگا دی گئی تھی ۔